جمعرات، 2 جنوری، 2014

سیالکوٹ میں صوفیاء کے مزاروں پر حملے، قرآن مجید کے متعدد نسخے نذرآتش


سیالکوٹ میں صوفیاء کے مزاروں پر حملے، قرآن مجید کے متعدد نسخے نذرآتش
اسلام ٹائمز: واقعہ کے خلاف پنجاب بھر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، لاہور میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو نجدی اسٹیٹ بنانے کے خواب دیکھنے والوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، پاکستان اولیاء کا فیضان ہے اس میں اولیاء کے مزارات کا تقدّس پامال کرنے کی کسی کو اجازت نہیں۔

اسلام ٹائمز۔ پنجاب کے صنعتی شہر سیالکوٹ میں معروف صوفی بزرگ امام عبدالحکیم سیالکوٹی، حضرت عبداللہ نبیب اور مولانا ضیاءاللہ قادری کے مزاروں پر نامعلوم افراد نے حملہ کر کے مزارات کی توہین کی اور مقدسات کو نذرآتش کر دیا، اس موقع پر مزار پر موجود قرآن مجید کے متعدد نسخے، قرآنی آیت والی چادریں اور اولیاء کی قبور شہید ہو گئیں۔ شرپسند عناصر نے پہلے صوفی بزرگ امام عبدالحکیم کے مزار کی توڑ پھوڑ کی، مرقد پر بھی حملہ کر کے اسے بھی منہدم کر دیا گیا جبکہ مزار کے اندر موجود قرآن مجید کے درجنوں نسخوں کو بھی جلا دیا گیا۔ واقعہ کے بعد شرپسند عناصر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے جبکہ اہل سنت جماعتوں نے اس دلسوز سانحہ کے خلاف احتجاج کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

لاہور میں ادارہ صراطِ مستقیم پاکستان کے زیراہتمام سیالکوٹ میں بزرگان دین کے مزارات کو شہید کیے جانے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ادارہ صراطِ مستقیم ضلع لاہور کے امیر مولانا محمد صدیق مصحفی جلالی نے کہا ہے کہ امام عبدالحکیم سیالکوٹی، حضرت عبداللہ نبیب اور مولانا محمد ضیاءاللہ قادری کے مزارات اور درجنوں قرآنی نسخوں کو آگ لگانے والے شرپسندوں کو فوراً گرفتار کر کے نشان عبرت بنایا جائے۔ مزارات اور قرآن جلانے والے ہرگز مسلمان کہلانے کے حق دار نہیں ہو سکتے۔ ایسے لوگوں سے آہنی ہاتھوں سے نبٹا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس نہایت شرانگیز اور افسوس ناک واقعہ کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کروائی جائیں، یہ انہی لوگوں کی واردات لگتی ہے جو اولیاءاللہ کے بغض اور دشمنی کی آگ میں جلتے رہتے ہیں، حکومت ان فرقہ پرور لوگوں کو اس زہریلی سوچ کا محاسبہ کرے جسکی وجہ سے وہ لوگ اولیاء اللہ کو بتوں سے تعبیر کرتے رہتے ہیں۔

انہوں کہا ہم پاکستان کو نجدی اسٹیٹ بنانے کے خواب دیکھنے والوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، پاکستان اولیاء کا فیضان ہے اس میں اولیاء کے مزارات کا تقدّس پامال کرنے کی کسی کو اجازت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ شرانگیز واقعہ پاکستان میں خانہ جنگی کی آگ بھڑکانے کی ایک سازش ہے۔ اگر حکومت نے اس المناک واقعہ کا فوری نوٹس نہ لیا تو یہ احتجاج پورے ملک میں پھیل جائے گا۔ جس میں ادارہ صراطِ مستقیم مجلس علماء بورڈ کے نگران مولانا محمد مرتضیٰ علی ہاشمی، مولانا فرمان علی جلالی، مولانا محمد فیاض قادری، مولانا محمد ریاست علی جلالی، مولانا محمد حنیف حنفی و دیگر نے کارکنان نے شرکت کی۔ اس موقع پر کارکنان میں شدید غم و غصّہ پایا گیا۔ کارکن مزارات کو آگ لگانے والے مجرموں کو فی الفور گرفتار کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں