منگل، 10 جون، 2014

سنی اتحاد کونسل نے کراچی ائرپورٹ پر حملے کیخلاف 13 جون کو ملک گیر ’’یوم مذمت دہشت گردی‘‘ منانے کا اعلان کر دیا

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حامد رضا نے کراچی ائرپورٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ سنی اتحاد کونسل سانحۂ کراچی کے خلاف جمعہ 13 جون کو ملک گیر ’’یومِ مذمت دہشت گردی‘‘ منائے گی۔ حکومت دہشت گردی پر نئی قومی پالیسی تیار کرنے کے لئے فی الفور آل پارٹیز کانفرنس طلب کرے۔ پاک فوج، رینجرز اور پولیس کے افسروں اور جوانوں نے دلیری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ پوری قوم سانحۂ کراچی کے شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ سانحۂ کراچی سے حکمرانوں اور مذاکرات کے حامی رہنمائوں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔ مذاکرات کی پالیسی سے دہشت گردوں کو مضبوط ہونے کا موقع ملا ہے۔ دہشت گردوں کو ریاستی طاقت سے کچلا نہ گیا تو قومی سلامتی کا تحفظ ممکن نہیں رہے گا۔ اب پانی سر سے گزرنے لگا ہے اس لئے حکمرا ن دہشت گردوں کے خلاف ملک گیر آپریشن کا دو ٹوک فیصلہ کریں۔ قومی تنصیبات اور اہم مقامات کی سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ دہشت گردوں سے بھارتی ساختہ اسلحہ ملنا دہشت گردوں کو بھارت کی پشت پناہی حاصل ہونے کا ثبوت ہے۔ تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے متفقہ پالیسی اور یکساں مؤقف اختیار کریں۔ قیام امن کے ایجنڈے پر قومی قیادت متحد ہو جائے کیونکہ ایسا نہ ہوا تو ملکی سلامتی خطرے میں پڑ جائے گی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں