لاہور (خصوصی نامہ نگار + خبر نگار + وقائع نگار خصوصی + نیوز رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے زیراہتمام مہنگائی کے خلاف آج نماز جمعہ کے بعد ملک بھر میں صوبائی و ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر احتجاجی مظاہرے اور جلسے کئے جائیں گے، مہنگائی کے خلاف سیمینارز ہونگے۔ تمام شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی اور شاہراہوں اور چوراہوں میں دھرنے دیئے جائیں گے۔ پیپلز پارٹی نے بھی آج مہنگائی کے خلاف پننجاب بھر میں بھرپور احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان سنی تحریک بھی آج بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف آج ملک گیر یوم احتجاج منائے گی جبکہ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف متفقہ قرارداد مذمت منظور کر لی ہے جبکہ آئل ٹینکرز مالکان نے 10 اکتوبر جبکہ انجمن تاجران آل پاکستان نے 21 اکتوبر کو ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام لاہور، بہاولپور، خانیوال، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ، راولپنڈی، ملتان، شیخوپورہ سمیت تمام ضلعی و تحصیلی ہیڈ کوارٹر پر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے، لاہور میں بڑا احتجاجی مظاہرہ ہو گا جس کی قیادت لیاقت بلوچ کریں گے۔ علاوہ ازیں پیپلز پارٹی نے بھی صوبہ بھر میں آج بھرپور احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ آج جمعہ کی نماز کے بعد 3 بجے پریس کلب لاہور کے باہر احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے خلاف کئے گئے ہر اقدام پر بھرپور مزاحمت کریں گے۔ دریں اثناءپاکستان سُنی تحریک بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کیخلاف آج ملک گیر یوم احتجاج منائے گی۔ اس سلسلے میں نماز جمعہ کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار سُنی تحریک کے مرکزی رہنما محمد شاداب رضا نے ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شاداب رضا نقشبندی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو فوری واپس لیا جائے۔ ادھر لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے حکومت کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف متفقہ طور پر قرارداد مذمت منظور کی۔ وکلا نے مطالبہ کیا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لے ورنہ وکلا برادری بھی مزید لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔ ثناءنیوز کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف آئل ٹینکرز مالکان نے 10 اکتوبر کو ہڑتال کا اعلان کیا۔ ترجمان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن اسرار شنواری کے مطابق ہڑتال کے دوران ملک بھر میں پاور پلانٹ کو فرنس آئل، پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل، نیٹو اور افغان ٹرانزٹ کو تیل کی سپلائی بند رہے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ظالمانہ فیصلے کو فوری واپس لے۔ انجمن تاجران آل پاکستان نے پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف 21 اکتوبر کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ صدر انجمن تاجران آل پاکستان خالد پرویز نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کی بحالی اور لوگوں کو ریلیف دینے کے وعدے بھول گئی، عوام کو مہنگائی کے طوفان میں پھینکا جا رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قمیتوں میں حالیہ اضافے کو فوری واپس لے اور اگر یہ اضافہ واپس نہ لیا گیا تو 21 اکتوبر کو ملک گیر ہڑتال کی جائے گی۔ علاوہ ازیں چیئرمین سپریم کونسل آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن غیاث عبداللہ پراچہ نے کہا ہے بجلی و پٹرول کی قیمت میں اضافہ بلاجواز ہے اگر اضافہ فوری واپس نہ لیا گیا تو سی این جی کی قیمت میں اضافہ ناگزیر ہو جائے گا ورنہ سی این جی سٹیشن بند ہو جائیں گے۔ غیاث پراچہ نے ایک بیان میں کہا عوام کو پٹرول کی قیمت کے منفی اثرات اور بڑھتے ہوئے افراط زر سے بچانے کے لئے سی این جی کی لوڈ شیڈنگ ختم کی جائے۔ حکومت کی جانب سے سی این جی سٹیشنز کے لئے بجلی کی قیمت میں چھ روپے فی یونٹ اضافہ بھی واپس لیا جائے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں